اسلام آباد نیوز ڈیسک نفیس بھٹہ سے
ملک کے معروف نجی ٹی وی چینل نیوز ون کی ممکنہ بندش کے حوالے سے میڈیا حلقوں میں غیر یقینی کی فضا پیدا ہو گئی ہے۔
باوثوق ذرائع کے مطابق چینل انتظامیہ اور صحافتی عملے کے درمیان رابطوں میں تضاد پایا جا رہا ہے۔
نیوز ون کے انتظامی آفیسر سے رابطہ کرنے پر مؤقف سامنے آیا کہ “چینل بند نہیں ہو رہا”،
تاہم دوسری جانب اسلام آباد بیورو چیف خواجہ کاشف رفیق نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق متعدد صحافیوں اور میڈیا ورکرز کو زبانی طور پر بتایا گیا ہے کہ وہ نوکری سے فارغ کر دیے گئے ہیں،
لیکن تحریری وضاحت یا آفیشل اعلامیہ تاحال جاری نہیں کیا گیا۔ اس مبہم صورتحال کے باعث ادارے کے اندر سخت بے چینی پائی جا رہی ہے،
جب کہ متاثرہ ملازمین نے شفاف موقف کے لیے انتظامیہ سے وضاحت طلب کی ہے۔
دوسری جانب، اس صورتحال پر سابق صدر نیشنل پریس کلب اسلام آباد شکیل قرار نے بھی گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ
“میڈیا ورکرز کے روزگار کا تحفظ اور اداروں کی شفافیت صحافتی آزادی کی بنیاد ہے،
اگر انتظامی تبدیلیاں ناگزیر ہیں تو انہیں قانونی اور اخلاقی تقاضوں کے مطابق کیا جانا چاہیے۔”
شکیل قرار نے مزید کہا کہ میڈیا اداروں میں استحکام اور شفاف پالیسی کا ہونا وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ صحافی برادری کو غیر یقینی حالات سے نکالا جا سکے۔
ادھر مختلف میڈیا تنظیموں اور پریس کلبز نے بھی نیوز ون کی صورتحال پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے حکومت اور پیمرا سے معاملے کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق آئندہ چند دنوں میں نیوز ون کی انتظامیہ کی جانب سے واضح پالیسی بیان جاری کیے جانے کا امکان ہے۔
تسلسل کے ساتھ ملکی و غیر ملکی خبروں کے لیے جڑے رہیں — ہر خبر کا رخ سچ کی جانب نیوز سینٹرز پاکستان
