اسلام آباد: پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (PTA) نے ملک کے ٹیلی کام سیکٹر میں ایک بڑے اور اہم فیصلے کے تحت یوفون کو ٹیلی نار پاکستان کے ساتھ ضم کرنے کی باضابطہ منظوری دے دی ہے۔ ذرائع کے مطابق انضمام کے بعد برانڈ نیم کی تبدیلی کی اجازت بھی دے دی گئی ہے اور ماہرین کا کہنا ہے کہ مستقبل میں سروسز ممکنہ طور پر PTCL 5G کے نام سے متعارف کرائی جا سکتی ہیں۔
یاد رہے کہ یوفون، پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی لمیٹڈ (PTCL) گروپ کا حصہ ہے، اور اس انضمام کے بعد مارکیٹ میں مسابقت کی نئی فضا قائم ہونے کی توقع ہے۔
ذرائع کے مطابق مارچ سے دونوں کمپنیوں کے 4G سگنلز کو مرحلہ وار یکجا کرنے کا عمل شروع ہوگا۔ منصوبے کے تحت مشترکہ ٹاور انفراسٹرکچر استعمال کیا جائے گا تاکہ دیہی اور مضافاتی علاقوں میں سگنل کی کوالٹی بہتر بنائی جا سکے۔ “ایک ٹاور، ایک پیکج” ماڈل کے تحت صارفین کو بہتر کوریج اور ممکنہ طور پر مسابقتی پیکجز فراہم کرنے کا عندیہ دیا جا رہا ہے۔
ٹیلی کام ماہرین کے مطابق اگر نیٹ ورک انٹیگریشن شفاف اور تکنیکی معیار کے مطابق مکمل کیا گیا تو کال ڈراپ، سست انٹرنیٹ اور کمزور سگنلز جیسے مسائل میں واضح کمی آسکتی ہے۔ خاص طور پر وہ صارفین جو مضافاتی علاقوں میں نیٹ ورک کی محدود دستیابی کے باعث نیٹ ورک تبدیل نہیں کر پاتے، انہیں اس فیصلے سے فائدہ پہنچنے کی امید ہے۔
مارکیٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ اس انضمام سے ملک میں 5G کی راہ بھی ہموار ہو سکتی ہے، تاہم 5G کی کمرشل لانچنگ کا حتمی فیصلہ حکومتی پالیسی اور اسپیکٹرم نیلامی سے مشروط ہوگا۔
ٹیلی کام سیکٹر میں اس بڑے بریک تھرو کو صارفین اور سرمایہ کار دونوں مثبت پیش رفت قرار دے رہے ہیں، تاہم اصل کامیابی کا دارومدار سروس کے عملی معیار اور صارفین کو دی جانے والی سہولیات پر ہوگا۔
PRIME NEWS AGENCY
City Crime News International (CCNI)
ہر خبر کا رُخ سچ کی جانب
جڑے رہیں ملکی و غیر ملکی تجارتی، تجزیاتی، انوسٹی گیٹو اور تازہ ترین خبروں کے لیے۔
NEWS CENTERS PK — The Supreme Command of Truth Journalism.

