اسلام آباد میں خاتون کی پراسرار گمشدگی
اداروں اور معاشرے کے لئے لمحۂ فکریہ
اداریہ
دارالحکومت اسلام آباد کو ہمیشہ ایک منظم اور جدید پولیسنگ کے نمونے کے طور پر پیش کیا جاتا رہا ہے، مگر بعض واقعات ایسے سوالات چھوڑ جاتے ہیںجو صرف کسی ایک تھانے یا افسر تک محدود نہیں رہتے بلکہ پورے نظام کی کارکردگی اور معاشرتی رویوں کو کٹہرے میں لا کھڑا کرتے ہیں۔
تھانہ کھنہ کی حدود میں پیش آنے والا حالیہ واقعہ اسی نوعیت کا ہے۔ اطلاعات کے مطابق ایک خاتون جو اڑھائی سالہ بچے کی ماں ہے ، یکم مارچ 2026 کو اپنے گھر سے پراسرار طور پر غائب ہو گئی۔ بتایا جاتا ہے کہ انہوں نے غائب ہونے سے چند لمحے پہلے اپنے شوہر کو فون کر کے طبیعت خراب ہونے کا بتایا اور گھر جلد پہنچنے کو کہا۔ شوہر جب گھر پہنچا تو گھر کا تمام سامان اپنی جگہ موجود تھا مگر خاتون خود کہیں موجود نہ تھی۔
ایسے واقعات صرف ایک خاندان کا المیہ نہیں ہوتے بلکہ پورے معاشرے کے لئے تشویش کا باعث بنتے ہیں۔جب ایک ماں اپنے ہی گھر سے اس طرح لاپتہ ہو جائے تو یہ سوال پیدا ہوتا ہے کہ شہریوں کی سلامتی کا نظام کس حد تک مؤثر ہے۔
اس سے بھی زیادہ تشویشناک پہلو وہ ہے جس کا ذکر مختلف حلقوں میں کیا جا رہا ہے کہ ابتدائی مرحلے میں پولیس کی جانب سے فوری اور پیشہ ورانہ ردعمل سامنے نہیں آیا۔ اگر یہ بات درست ہے تو یہ صرف انتظامی غفلت نہیں بلکہ عوامی اعتماد کے لئے بھی نقصان دہ ہے۔
دنیا بھر میں گمشدگی کے معاملات میں ایک بنیادی اصول تسلیم شدہ ہے کہ ابتدائی چند گھنٹے سب سے زیادہ اہم ہوتے ہیں۔اسی لئے جدید پولیسنگ میں ایسے کیسز کے لئے واضح طریقہ کار موجود ہوتا ہے جس کے تحت فوری رپورٹ درج کرنا
علاقے کے سی سی ٹی وی فوٹیج محفوظ کرنا اور ممکنہ شواہد کو ضائع ہونے سے بچانا اولین ترجیح ہوتی ہے۔
لیکن اس مسئلے کا ایک پہلو صرف ادارہ جاتی نہیں بلکہ معاشرتی بھی ہے۔ ہمارے معاشرے میں اکثر ایسے معاملات کو سنجیدگی سے لینے کے بجائے غیر ضروری قیاس آرائیاں شروع ہو جاتی ہیں۔ خاص طور پر جب معاملہ کسی خاتون سے متعلق ہو تو بعض افراد غیر ذمہ دارانہ تبصروں اور کردار کشی سے بھی گریز نہیں کرتے۔ یہ رویہ نہ صرف غیر اخلاقی ہے بلکہ متاثرہ خاندان کے لئے مزید اذیت کا سبب بنتا ہے۔
ریاستی اداروں کا فرض ہے کہ وہ قانون کے مطابق فوری اور غیر جانبدارانہ کارروائی کریں، جبکہ معاشرے کا فرض ہے کہ وہ متاثرہ خاندان کے ساتھ ہمدردی اور ذمہ داری کا مظاہرہ کرے۔
اس واقعے کو ایک وسیع تر تناظر میں دیکھنے کی ضرورت ہے۔ اگر پولیسنگ کے نظام میں کہیں خامی ہے تو اسے دور کیا جانا چاہیے،اگر کسی اہلکار کا رویہ غیر پیشہ ورانہ ہے تو اس کا احتساب ہونا چاہیے، اور اگر معاشرے میں غیر ذمہ دارانہ رویے موجود ہیں تو ان کی اصلاح بھی ضروری ہے۔
کسی بھی مہذب معاشرے کی پہچان یہی ہوتی ہے کہ وہاں انصاف صرف ہونا ہی نہیں چاہیے بلکہ ہوتا ہوا نظر بھی آنا چاہیے۔ اس لئے ضروری ہے کہ اس واقعے کی شفاف اور سنجیدہ تحقیقات کی جائیں تاکہ نہ صرف حقیقت سامنے آ سکے بلکہ عوام کا اعتماد بھی بحال ہو۔
PRIME NEWS AGENCY
City Crime News International ۔ CCNI
ہر خبر کا رُخ سچ کی جانب
جڑے رہیں ملکی و غیر ملکی تجارتی، تجزیاتی، انوسٹی گیٹو اور تازہ ترین خبروں کے لیے۔
NEWS CENTERS PKThe Supreme Command of Truth Journalism.

