اسلام آباد ترمٹھیاں کہو شرقی
(نیوز سینٹرز پاکستان)
رپورٹ: امتیاز شاہین عباسی
پاکستان تحریکِ انصاف وی سی ترمٹھیاں کہو شرقی کی مدر ونگ اور یوتھ ونگ کا ایک غیر معمولی اور بھرپور اجلاس کونسلر سردار عابد علی کی زیرِ صدارت منعقد ہوا، جس میں پارٹی کی تنظیمی صورتحال پر اہم فیصلے کیے گئے۔
اجلاس کے دوران سابق یوتھ صدر احتشام سرور نے اپنی نجی مصروفیات کے باعث عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔ پارٹی قیادت اور اراکین نے باہمی مشاورت کے بعد وصام فرید عباسی کو نیا یوتھ صدر منتخب کر لیا۔
اس موقع پر وارڈ 11 اور 12 کی نئی یوتھ ونگ باڈی بھی تشکیل دی گئی۔
سینیئر رہنماؤں نے واضح کیا کہ نئی باڈی کو تین ماہ کی کارکردگی مدت دی گئی ہے۔ اگر وہ تنظیمی و عوامی سطح پر تسلی بخش کارکردگی دکھانے میں کامیاب رہے تو اسی ٹیم کو برقرار رکھا جائے گا، بصورتِ دیگر کارکردگی کی بنیاد پر نئی باڈی تشکیل دی جائے گی۔
اجلاس میں نوٹیفکیشن سے متعلق تحفظات اور یوتھ ممبران کے باہمی اختلافات پر بھی تفصیلی گفتگو ہوئی۔ رہنماؤں نے اس بات پر زور دیا کہ آئندہ کسی بھی تنظیمی فیصلے یا باڈی کی تشکیل کے وقت تمام متعلقہ اراکین کو اعتماد میں لینا لازمی ہوگا۔
شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پارٹی کو اندرونی اتحاد، نظم و ضبط اور اجتماعی مشاورت کے ذریعے مزید مضبوط کیا جائے گا۔ اجلاس میں علاقائی فنڈز کی منصفانہ تقسیم اور علاقائی منصوبوں کی جلد تکمیل پر بھی اتفاقِ رائے کیا گیا۔
یہ اجلاس پی ٹی آئی ترمٹھیاں کہو شرقی کی تنظیمی تاریخ کا ایک اہم اور فیصلہ کن موڑ ثابت ہوا، جس نے نہ صرف اختلافات کو ختم کیا بلکہ نوجوان قیادت کو ایک نیا جوش و ولولہ عطا کیا۔
آخر جڑے رہیں تازہ ترین خبروں کے لیے — ہر خبر کا رخ سچ کی جانب، نیوز سینٹرز پاکستان۔
