HEADLINE:
ISLAMABAD POLICE SP ADEEL AKBAR SUICIDE RAISES MENTAL HEALTH OFFICERS SUPPORT ALERT
اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت کی پولیس فورس ایک افسوسناک واقعے سے دوچار ہوئی، جب ایس پی انڈسٹریل ایریا عدیل اکبر نے مبینہ طور پر خودکشی کر لی۔ پولیس ذرائع کے مطابق واقعہ تھانہ آبپارہ کی حدود میں پیش آیا، جہاں عدیل اکبر نے اپنے گن مین سے بندوق لے کر خود پر فائر کیا۔
زخمی حالت میں انہیں فوری طور پر پمز اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ جانبر نہ ہو سکے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق انہوں نے خود کو سینے پر گولی ماری۔
ذرائع کے مطابق عدیل اکبر طویل عرصے سے شدید ذہنی دباؤ میں تھے۔ مسلسل رات دن کی ڈیوٹیوں، جسمانی کمزوری، اور بیماری کے باعث انہوں نے متعدد بار چھٹی کی درخواستیں دی، مگر مبینہ طور پر اعلیٰ افسران نے انہیں چھٹی منظور نہیں کی۔ اطلاعات کے مطابق انہوں نے میڈیکل رپورٹ اور کرونا پازیٹو رپورٹ کے ساتھ بھی چھٹی کی درخواست دی، جو مسترد کر دی گئی۔
عدیل اکبر چند ماہ قبل اسلام آباد پولیس میں بطور ایس پی انڈسٹریل ایریا تعینات ہوئے تھے۔ انہوں نے نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی (این ڈی یو) اسلام آباد سے گورننس اینڈ پبلک پالیسی میں ایم فل کی ڈگری حاصل کی تھی۔ اپنے کیرئیر کا آغاز انہوں نے بطور اے ایس پی کیا اور بلوچستان کے مختلف اضلاع میں خدمات انجام دیں، جہاں ان کی پیشہ ورانہ کارکردگی کو سراہا گیا۔
انہیں سیکیورٹی مینجمنٹ، کمیونٹی پولیسنگ، انسانی حقوق کے تحفظ، انسداد دہشت گردی، ہیومن ریسورس مینجمنٹ، پولیس آپریشنز، سیکیورٹی تجزیہ میں مہارت حاصل تھی۔
جڑے رہیں اب تک کی تازہ ترین خبروں کے لیے ہر خبر کا رخ سچ کی جانب
نیوز سینٹرز پاکستان www.news.centers.pk
