🇵🇰✈️
اسلام آباد (نیوز سینٹرز پاکستان) — وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے پی آئی اے کی اسلام آباد سے مانچسٹر براہِ راست پروازوں کے آغاز پر پوری قوم بالخصوص برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں کو دلی مبارکباد دی ہے۔ وزیرِ اعظم نے وزیرِ دفاع و ہوابازی خواجہ آصف، سول ایوی ایشن اتھارٹی، پی آئی اے اور متعلقہ اداروں کے حکام کی اس امر میں کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ اللہ کے فضل و کرم سے پاکستان کا تشخص دنیا بھر میں بحال ہو رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ماضی میں عائد پابندیوں کی وجہ سے قومی ایئرلائن کی ساکھ کو نقصان پہنچا، لیکن کئی برس کی محنت اور انتھک کاوشوں کے بعد اسے بحال کر لیا گیا ہے۔ وزیرِ اعظم کے مطابق براہِ راست پروازوں سے برطانیہ میں مقیم پاکستانی برادری کو نہ صرف سفری سہولت حاصل ہوگی بلکہ وقت کی بچت کے ساتھ تجارتی، سماجی اور ثقافتی روابط کو بھی نئی توانائی ملے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے ہر ادارے میں اصلاحات اور بہتری کا عمل تیزی سے جاری ہے اور ملک کا مثبت تشخص عالمی سطح پر ابھر کر سامنے آ رہا ہے۔ وزیرِ اعظم نے عزم ظاہر کیا کہ یہ اقدام دونوں ممالک کے تعلقات کو ایک نئی مضبوطی اور استحکام عطا کرے گا۔
“پی آئی اے کی اڑان — پاکستان کی شان!”
جڑے رہیں تازہ ترین انٹرنیشنل اور ملکی خبروں کے لیے،
ہر خبر کا رخ — سچ کی جانب!
نیوز سینٹرز پاکستان
