🌍نیویارک کے پہلے مسلم میئر ظہران ممدانی کی پہلی تقریر میں ٹرمپ کو للکار — “یہ شہر تارکین وطن کا ہے اور رہے گا”
نیو یارک (انٹرنیشنل نیوز ڈیسک — نیوز سینٹرز پاکستان)
امریکی تاریخ میں پہلی مرتبہ ایک مسلمان اور کم عمر رہنما نے نیویارک جیسے عالمی شہر کی میئر شپ جیت کر نئی تاریخ رقم کر دی۔ ظہران ممدانی نے فتح کے بعد اپنے پہلے ہی خطاب میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو براہِ راست للکارا اور کہا کہ “ہم اُس کرپٹ نظام کو توڑیں گے جو ارب پتیوں کے مفاد میں قانون کو موم کی ناک بناتا ہے”۔
ظہران ممدانی نے جذباتی انداز میں کہا کہ نیویارک صرف ایک شہر نہیں بلکہ “تارکین وطن کی امنگوں، قربانیوں اور خوابوں کا قلعہ ہے”۔
انہوں نے اعلان کیا کہ اب “وراثتی سیاست، کرپشن اور طبقاتی تفریق کا دور ختم ہو چکا ہے، یہ شہر عوام کا ہے، جمہوریت عوام کی ہے اور مستقبل ہمارے ہاتھ میں ہے”۔
خطاب کے دوران ہزاروں افراد نے “Justice for All” اور “No Place for Hate” کے نعرے لگائے۔ ممدانی نے وعدہ کیا کہ وہ نسلی امتیاز، اسلاموفوبیا اور سماجی ناہمواری کے خلاف اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔
سیاسی ماہرین کے مطابق ظہران ممدانی کی کامیابی امریکہ میں اسلاموفوبیا کے بیانیے کے خلاف عوامی ردِعمل ہے، جو عالمی سطح پر امید کی ایک نئی کرن ثابت ہو سکتی ہے۔
یہ بھی قابلِ ذکر ہے کہ ظہران ممدانی نے دو طاقتور حریفوں — سابق گورنر اینڈریو کومو اور ری پبلکن امیدوار کرٹس سلوا — کو حیران کن شکست دی۔ ان کی کامیابی نے امریکی سیاست میں ایک نیا موڑ پیدا کر دیا ہے۔
نیوز سینٹرز پاکستان کے مطابق، یہ جیت صرف ایک شخص کی نہیں بلکہ امن، برابری اور انصاف کے اُس پیغام کی جیت ہے جو سرحدوں سے ماورا ہے۔
ہر خبر کا رخ سچ کی جانب جڑے رہیں ملکی وغیر ملکی تجزیاتی انوسٹی گیٹو تازہ ترین خبروں کے لئے نیوز سینٹرز پاکستان
