اسلام آباد نیوز ڈیسک
سی سی این آئی کے مطابق
ملک میں جاری معاشی اور توانائی بحران کے پیشِ نظر وزیراعظم نے بڑے ہنگامی کفایتی اقدامات کا اعلان کر دیا ہے۔اعلیٰ سطحی اجلاس کے بعد جاری اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ فوری طور پر ہفتے میں چار
دن سرکاری دفاتر کھلے رہیں گے جبکہ ایک اضافی تعطیل دی جائے گی
تاکہ سرکاری اخراجات اور توانائی کے استعمال میں کمی لائی جا سکے۔
اعلامیے کے مطابق ملک بھر کے تعلیمی اداروں میں دو ہفتوں کی چھٹیاں دینے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔
مزید برآں پچاس فیصد سرکاری ملازمین گھروں سے کام کریں گے جبکہ آئندہ دو ماہ کے لیے سرکاری گاڑیوں کے استعمال میں پچاس فیصد کمی نافذ کر دی گئی ہے۔
وزیراعظم نے کفایت شعاری مہم کے تحت اعلان کیا کہ آئندہ دو ماہ تک وزراء، مشیران اور معاونینِ خصوصی تنخواہیں وصول نہیں کریں گے
جبکہ ارکانِ پارلیمنٹ کی تنخواہوں میں پچیس فیصد کمی کی جائے گی۔
سرکاری محکموں میں نئی گاڑیوں، فرنیچر، ایئرکنڈیشنرز اور دیگر سامان کی خریداری پر بھی مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ سرکاری افسران کے بیرونِ ملک دورے فوری طور پر معطل رہیں گے جبکہ تمام سرکاری اجلاس اور سیمینار نجی ہوٹلوں کے بجائے سرکاری دفاتر میں منعقد ہوں گے۔
وزیراعظم نے ذخیرہ اندوزوں اور ناجائز منافع خوروں کو سخت خبردار کرتے ہوئے کہا کہ قومی بحران سے فائدہ اٹھانے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے گی۔
حکومتی حلقوں کے مطابق یہ اقدامات قومی خزانے پر بوجھ کم کرنے، توانائی کی بچت یقینی بنانے اور معاشی نظم و ضبط قائم کرنے کی جانب ایک اہم پیش رفت ہیں۔
PRIME NEWS AGENCY
City Crime News International (CCNI)
ہر خبر کا رُخ سچ کی جانب
جڑے رہیں ملکی و غیر ملکی تجارتی، تجزیاتی، انوسٹی گیٹو اور تازہ ترین خبروں کے لیے۔
NEWS CENTERS PK
The Supreme Command of Truth Journalism.

