لاہور نیوز ڈیسک میاں رشید سے
لاہور کے علاقے اعوان ٹاؤن، معراج پارک ڈبّن پورہ کے رہائشیوں نے سیوریج کے سنگین مسئلے اور مبینہ انتظامی غفلت کے خلاف وفاقی محتسب کے دفتر سے رجوع کر لیا ہے۔شہریوں کا کہنا ہے کہ علاقے میں سیوریج لائن طویل عرصے سے بار بار بند ہو جاتی ہے جس کے باعث گٹر کا پانی گلیوں اور گھروں میں داخل ہو کر شدید مشکلات پیدا کر رہا ہے۔
متاثرہ شہری رشید نے وفاقی محتسب کے علاقائی دفتر لاہور میں جمع کرائی گئی درخواست میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ متعدد شکایات اور بارہا رابطوں کے باوجود واسا لاہور مسئلے کا مستقل حل فراہم کرنے میں ناکام رہا ہے۔
ان کے مطابق واسا کا عملہ شکایات کے بعد وقتی صفائی تو کر دیتا ہے، تاہم چند روز بعد صورتحال دوبارہ سنگین ہو جاتی ہے اور گٹر کا پانی مسلسل ابل کر باہر آنا شروع ہو جاتا ہے۔
درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ سیوریج کے مسلسل مسائل کی وجہ سے متاثرہ گھر کو شدید نقصان پہنچا ہے،جس میں فرش کا دھنس جانا، عمارت کے ڈھانچے کو خطرات لاحق ہونا اور بدبو و تعفن کے باعث صحت کے مسائل شامل ہیں۔
اہلِ علاقہ کے مطابق اس صورتحال نے نہ صرف رہائشیوں کو ذہنی اذیت میں مبتلا کر دیا ہے بلکہ مالی نقصان بھی برداشت کرنا پڑ رہا ہے۔
شہریوں نے وفاقی محتسب سے مطالبہ کیا ہے کہ واسا لاہور کو فوری طور پر سیوریج نظام کی مستقل مرمت اور اپ گریڈیشن کا پابند بنایا جائے،
متاثرہ خاندان کو ہونے والے نقصان کا معاوضہ دلایا جائے اور ذمہ دار افسران کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے آئندہ ایسی غفلت سے بچنے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔
مقامی رہائشیوں کا کہنا ہے کہ اگر فوری طور پر اس مسئلے کا مستقل حل نہ نکالا گیاتو علاقے میں ماحولیاتی آلودگی اور صحت کے مسائل مزید شدت اختیار کر سکتے ہیں۔

